گنگولی 2؍جنوری ( ایس او نیوز) گنگولی جامع محلہ میں ایک لاری تیز رفتاری کے ساتھ سامنے سے گذرنے والی موٹر بائک کو ٹکر مارنے کے نتیجے میں بائک سوار اسپتال پہنچنے تک ہلاک ہوگیا جس کی شناخت گنگولی کا رہنے والاگروپرساد پجاری کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ حادثہ بدھ کی صبح قریب گیارہ بجے پیش آیا۔
بتایاجاتا ہے کہ جب گروپرساد (۲۸) اپنی بائک پر سوار ہوکر اپنے گھر سے بندر کی طرف جارہا تھا، تو لاری نے پیچھے سے اس کی بائک کوٹکر ماری جس کے نتیجے میں وہ اچھل کر سڑک پر گرگیا۔ حادثے میں اس کے سر کو شدید چوٹ لگی اور اسے فوری طور پر 24X7 ہیلپ لائن سروس کے ذریعے کنداپور اسپتال لے جایا گیا، مگر علاج کارگر نہ ہوسکا اوراس نے اسپتال میں ہی دم توڑ دیا۔۔
معلوم ہوا ہے کہ مہلوک گروپرسادبنگلورو میں ہوٹل کی ملازمت کیا کرتاتھا اور دس دن قبل ہی چھٹیاں منانے کے لئے گھر آیا ہوا تھا۔ گنگولی پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرلیا گیا ہے۔